• news

پاکستان اور چین سی پیک کیخلاف تمام سازشیں ناکام بنا دیں گے: احسن اقبال

اسلام آباد+ کراچی (نمائندہ خصوصی+ سپورٹس رپروٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان لازوال تعلقات کا شاہکار ہے۔ وزیر منصوبہ بندی نے یہ بات چینی سفیر کے اعزاز میں الوداعی ظہرانہ میں کہی۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک کسی کے خلاف نہیں ہے بلکہ خطے کے ممالک کو جوڑنے کا منصوبہ ہے۔ سی پیک کے مخالف پاکستان کو ناکارہ اور پسماندہ معیشت کا ملک بنانا چاہتے ہیں۔ سی پیک کے لئے پوری قوم یکسو اور متحد ہے اس منصوبے کی بدولت پاکستان میں نئی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی آرہی ہے۔ اس سے بلوچستان کی محرومی دور ہو گی۔ گوادر بندرگاہ خطے میں کلیدی کردارادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کو عملی شکل دینے کے حوالے سے چینی سفیر کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کے خلاف کچھ لوگ ریشہ دوانیاں کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک سی پیک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ کراچی سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کراچی کی رونقیں بحال ہوں تو ملک کی رونقیں بحال ہوئی ہیں۔ وہ عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے اہل پاکستان اور اہل کراچی کو مبارکباد دی کرکٹ کے بعد اب ہاکی کے میدان بھی آباد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن