9 سال سے قید حق نواز کی سزائے موت ناکافی شواہد پر عمرقید میں تبدیل
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ نے بھکرکے علاقے میں قتل کیس میں 9 سال سے جیل میں قید سزائے موت کے مجرم حق نواز کی سزاء ناکافی شواہد کے باعث عمر قید میں تبدیل کردی ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے استغاثہ قتل کے پیچھے وجہ عناد ثابت کرنے میں ناکام رہا اس لئے احتیاط کے تقاضا کو رد نہیں کیا جاسکتااس لئے سزا ئے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ استغاثہ کیس میں محنت نہیں کرتی ، ٹھوس شواہد پیش نہیں کیئے جاتے ، شک کا فائدہ ملنے پر ملزمان عدالتوں سے بری ہوجاتے جبکہ عدالت نے کیس فائل کے مطابق چلنا ہوتا ہے۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سزائے موت کے مجرم کی اپیل کی سماعت کی تو مجرم کے وکیل محمد زمان کیانی اورسرکاری وکیل نے دلا ئل دئیے ، وکلاء کا کہنا تھا کہ مجرم حق نواز پر الزام تھا کہ اس نے نو سال قبل بھکر میں منظور حسین کو قتل کردیا تھا۔