والدہ کی پہلی کیموتھراپی ہو گئی وا لد نے عیادت کی: مریم نواز
لاہور+لندن (خصوصی رپورٹر+عارف چودھری ) سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے لندن میں بیگم کلثوم نواز کی ہسپتال میں عیادت کی۔ والدہ کا پہلا کیموتھراپی سیشن ہو گیا ہے۔ دعائوں کے لئے قوم کے شکرگزار ہیں۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ قوم کی دعائیں ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتی ہیں‘ تندرستی ہو یا بیماری ہم نے ساتھ رہنے کا پختہ عہد کر رکھا ہے۔ دریں اثناء مریم نوازشریف اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مریم نوازشریف اپنی صاحبزادی کے ساتھ ان کے سسرال کے نجی طیارے پر لاہور آئیں اور ائرپورٹ سے سیدھی صاحبزادی کی رہائش گاہ پر گئیں۔سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کے بیٹے حسن نواز اور حسین نواز بھی کلثوم نواز کے ساتھ ہسپتال میں موجود ہیں۔ حسن نواز اور حسین نواز نے عوام سے والدہ کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق کیموتھراپی کا پہلا سیشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز مزید رپورٹ کے بعد مزید سیشن کا فیصلہ کریں گے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کیمو تھراپی کا عمل مکمل ہونے میں 18 ہفتے لگ سکتے ہیں۔