• news

اقتصادی راہداری کو نصاب میں شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت برائے نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پاکستان کے لوگوں کے دلوں میں شامل ہے، دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت کے رشتے سے یہ دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے، پاکستان کو چین جیسے دوست اور شراکت دار پر فخر ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید بہتر کرنے کیلئے فلم، پروڈکشن، براڈکاسٹ میں کام کرنے کی ضرورت ہے‘ اس سے نہ صرف تعلقات مزید مضبوط ہوں گے بلکہ دونوں ملکوں کے کلچر اور ورثے کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر سن وی ڈونگ سے گفتگو کر رہی تھیں جنہوں نے یہاں وزیر مملکت سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، محبت اور گہری ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا پاک چین دوستی سمندروں سے گہری ‘ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے ۔ پاکستان کے چین سے تعلقات ہرآزمائش پر پورے اترے ہیں۔پاک چائنا اقتصادی راہداری دونوں ملکوں اور پورے خطے کے استحکام میں اہم سنگ میل ہے‘حکومت پاکستان پاک چائنا اقتصادی راہداری کو نصاب میں شامل کرنے پر غور کررہی ہے۔ چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی ہیں۔ پاکستان اور چین نہ صرف سفارتی تعلقات میں بندھے ہیں بلکہ لوگوں کا لوگوں سے پیار بھی دیدنی ہے۔ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے 90 فیصد منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن