ایشیا ہاکی کپ آج سے شروع، پاکستان ، بنگلہ دیش افتتاحی میچ میں مدمقابل
لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس) دسواں ایشیاءہاکی کپ آج بدھ سے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں شروع ہوگا۔ پہلے روز پاکستان اور بنگلہ دیش جبکہ بھارت کی ٹیم جاپا ن کیخلاف میدان میں اترے گی۔ ایشیاءکپ ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے قومی ٹیم محمد عرفان کی قیادت میں بنگلادیش میں موجود ہے۔ ایونٹ میں 8 ٹیموں کو 2 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور جاپان جبکہ گروپ بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، چین اور اومان شامل ہیں۔پاکستانی ٹیم آج11 اکتوبر کو بنگلادیش کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی جبکہ جبکہ بھارت اورجاپا ن مد مقابل ہوں گے۔ گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ 13 اکتوبر کو جاپان جبکہ تیسرا اور آخری میچ 15 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 22 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت محمد عرفان کر رہے ہیں جبکہ رضوان سینئر نائب کپتان ہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں مظہر عباس، امجد علی، عاطف مشتاق، مبشر علی، عماد شکیل بٹ، ابوبکر محمود، تصور عباس، راشد محمود، رضوان جونیئر، ارسلان قادر،اظفر یعقوب، عمر بھٹہ، علی شان، محمد عتیق، وقاص اکبر اور اعجاز احمد شامل ہیں۔ فرحت خان منیجر و ہیڈ کوچ، ملک شفقت اور محمد سرور کوچز، ڈاکٹر عاطف بشیر ٹیم کے ڈاکٹر اور ابوذربطور ویڈیو اینالسٹ ٹیم کے ہمراہ ہیں۔