• news

ملائشیا اور سویڈن کے ساتھ تجارتی تعلقات بہتر بنائے جائیں: صدر ممنون کی ہدایت

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان، ملائشیا اور سویڈن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں قریبی دوست ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کے علاوہ عوامی اور ثقافتی تعلقات میں اضافے کا خواہش مند ہے۔ صدر نے یہ بات ملائشیا کیلیے نامزد ہائی کمشنر نفیس زکریا اور سویڈن کے لیے نامزد سفیر احمد حسین دایو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گزشتہ روز ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر کہا کہ ملائشیا پاکستان کا قریب ترین برادر ملک اور آسیان کا اہم رکن ہے جس کے ساتھ زندگی کے مختلف شعبوں میں تعلقات میں اضافے کی ضرورت ہے۔ صدر نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان تجارتی توازن کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں اور مچھلی ، گوشت اور ڈیری مصنوعات کی برآمدات میں اضافے اور ان شعبوں میں پاکستان میں ملائشیا کی سرکاری و نجی سرمایہ کاری کے علاوہ مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر توجہ دیں۔ صدر نے سویڈن کے لیے نامزد سفیر احمد حسین دایو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں ، خاص طور پر ٹیکنالوجی کے معاملات میں سویڈن سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے سویڈن کے ساتھ بھی تجارتی توازن کو بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دیا جائے۔ دریں اثناء صدر ممنون نے کہاکہ سیاسی معاملات کو بالائے طاق رکھ کر ایک جامع حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ متعدی بیماریوں کے پھیلائو اور دیگر صحت کے خطرات کو کنٹرول کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈبلیو ایچ او اسلام آباد میں مشرقی بحیرہ روم کی علاقائی کمیٹی کے 64 ویں اجلاس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

ای پیپر-دی نیشن