حکومتی مداخلت ، فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی
لاہور+اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک+نیوزایجنسیاں )حکومتی مداخلت کے باعث فٹبال کی عالمی تنظیم نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی۔ فیفا قوانین کے مطابق تمام رکن تنظیموں میں کسی قسم کی مداخلت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔فیفا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی رکنیت اس وقت بحال کر دی جائےگی جب فیڈریشن کے دفاتر اور اس کے بینک اکاونٹس کا کنٹرول تنظیم کو لوٹا دیا جائے گا۔معطلی 10 اکتوبر کو بیورو اآف فیفا کونسل کے فیصلے کے مطابق کی گئی اور اس کی وجہ غیر متعلقہ اداروں کی فیڈریشن میں مداخلت بتائی گئی۔ معطلی کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا کے آئین کی شق 13 کے مطابق حاصل تمام حقوق کھو دیے ہیں۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن اور ماتحت تمام کلبز کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی اجازت نہیں تھی اب معطلی کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن یا اس کی ذیلی رکن تنظیموں کے کسی بھی رکن یا حکام فیفا یا ایشین فٹبال فیڈریشن کے کسی قسم کے ترقیاتی پروگرام، کورس،اور ٹریننگ پروگرام میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔فیفا نے جولائی میں مداخلت پر پاکستانی حکام کو آخری بار متنبہ کیا تھا کہ وہ فٹبال کے معاملات منتخب صدر فیصل صالح حیات کے حوالے کردیں۔ فیصل صالح حیات نے شریف برادران کو ذمہ دار قرار دےدیا۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات سے صدارت چھیننے کیلئے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد نے کوشش کی اور پی ایف ایف کے مقابلے میں ایسوسی ایشن بنا ڈالی۔فیصل صالح حیات نے کہا کہ پاکستان فٹبال پر پابندیوں کے ذمہ دار شریف برادران ہیں۔ترجمان کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ فیصل صالح حیات نے کیپٹن صفدر اور مریم نواز پر بے بنیاد الزام تراشی کی۔ فیصل صالح حیات کو کپٹن صفدر نے بے دخل نہیں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے نے بے دخل کیا ۔ ایک دہائی سے غریب فٹبالروں کے پیسوں کو بے دردی سے ناجائز استعمال کرنے والے کو اب حساب دینا پڑےگا۔ آپ اپنے بزرگوں سے دھوکہ دہی اور فریب کرنے سے باز نہیں آئے ،آپ کی کرپشن کی داستانوں سے سارا جہان واقف ہے ،بھاگیں نہیں عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کریں ۔ الزامات لگانے سے آپکی کرپشن چھپ نہیں سکتی،کرپشن کی داستانوں کیلئے آپکا نام ہی کافی ہے۔