الحمرا ہال میں اجوکا تھیٹر کا 3 روزہ ڈرامہ فیسٹیول جاری
لاہور(کلچرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل کے تعاون سے الحمرا ہال میں اجوکا تھیٹر کا تین روزہ ڈرامہ فیسٹیول جاری ہے جسے معیاری تھیٹر کے قدردانوں کی بھرپور پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔10سے 12اکتوبر تک جا ری رہنے والے تین روزہ فیسٹیول کا انعقاد برصغیر کی تقسیم اور قیام پاکستان کے 70برس مکمل ہونے کی مناسبت سے کیا گیا ہے۔فیسٹیول میں صرف ان کھیلوں کو پیش کیا جا رہا ہے جو تقسیم ہند وستان کے وقت پیش آنے والے واقعات کی عکاسی کرتے ہیں ۔ فیسٹیول کا آغاز سعادت حسن منٹو کی حیات پر مبنی کھیل ” کون ہے یہ گستاخ “ کی پرفارمنس سے ہوا جبکہ دوسرے روز اردو اب کے لیجنڈفکشن نگار انتظار حسین کے افسانے ” شہر افسوس“ پر مبنی کھیل نے شائقین کی داد دسمیٹی ۔ فیسٹیول کے آخری روز آج شاہد محمود ندیم کا تحریر کردہ کھیل ” انہی مائی دا سفنہ “ پیش کیا جائے گا ۔ اجوکا تھیٹرکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد محمود ندیم کے مطابق یہ فیسٹیول اجوکا کی جانب سے تقسیم ہندوستان کے وقت قربانیاں پیش کرنے والے خاندانوں کو خراج تحسین ہے۔