• news

بیوی نے بھائیوں کی مدد سے شوہر کو چھت سے دھکا دیکر مار ڈالا، دکاندار نے دوست قتل کر دیا

لاہور+ فیروز والا (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) تھانہ شالیمار کے علاقہ میں بیوی نے مبینہ طور پر اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو تشدد کے بعد چھت سے دھکا دیکر قتل کردیا پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانہ بھیجوا دی جبکہ بیوی ثناء کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔ چھوالا چوک کے رہائشی عدنان نے دو شادیاں کر رکھیں تھیں عدنان کے اپنی دوسری بیوی ثناء کے ساتھ اختلافات چل رہے تھے۔ گزشتہ روز ثنا نے عدنان کو میکے بلایا جہاں اس نے مبینہ طور پر بھائیوں کے ساتھ مل کر عدنان کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر چھت سے دھکا دے دیا۔ عدنان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 2روز تک زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے ابتدائی کارروائی مکمل ہونے پر عدنان کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی۔ پولیس کے مطابق واقعہ جائیداد کے تنازعہ پر پیش آیا ہے دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ فیروز و الا سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ کی آبادی کھوڑی میں دکاندار نے ساتھی کی مدد سے بیوی کے قتل کا بدلہ لینے کی خاطر گولی مار کر 22 سالہ دوست کو ہلاک کر دیا۔ ملزم فرار ہو گیا۔ چار روز قبل بیکری مالک ظہور احمد کی بیوی گھر میں قتل ہو گئی تھی جس کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔ اسے شبہ تھا کہ اس کی بیوی کو امانت نے قتل کیا ہے۔ اسے بہانے سے اپنے گاؤں بلایا، ساتھی کی مدد سے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ صدر مریدکے پولیس نے مقتول کی نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھیج دی۔ مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقتول کالا خطائی کا رہنے والا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن