لاہور: بجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا، مانانوالہ میں لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام سراپا احتجاج
لاہور/ مانانوالہ (کامرس رپورٹر + نامہ نگار) ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ سے شارٹ فال بڑھ گیا جس سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھنے سے بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا۔ شارٹ فال میں اضافہ کا تمام بوجھ دیہی علاقوں پر ڈالا گیا۔ گزشتہ روز شہروں میں آٹھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ مانانوالہ و گرد و نواح میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج۔ کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئیں۔ مانانوالہ و گرد و نواح کے دیہات میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔ عوام گھروں اور مساجد میں پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے۔ پیپلز پارٹی مانانوالہ کے راہنما امجد شکیل راہی اور نائب امیر جماعت اسلامی حلقہ PP168 ملک عثمان انور اعوان کی قیادت میں بیسیوں افراد نے سخت احتجاج کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو لیسکو لاہور اور سپرنٹنڈنٹ انجینئر لیسکو شیخوپورہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس ڈی او لیسکو مانانوالہ سب ڈویژن زونیل افضل نے بتایا کہ گرڈ سٹیشن میں مشینری و تاروں کی مرمت کے لیے بجلی بند کی جارہی ہے۔