سانحہ ماڈل ٹائون اوپن سیکرٹ، تاخیری ہتھکنڈے اختیار کئے جا رہے ہیں: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون اوپن سیکرٹ ہے، حکمران تاخیری ہتھکنڈے اختیار کر رہے ہیں۔ عدالت عالیہ سے ماڈل ٹائون کے مظلوموں کی استدعا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کا فیصلہ جلد سنایا جائے، قاتل حکمرانوں کے ایما پر ان کے وکلاء قانونی دلائل کی آڑ میں عدالت کے فیصلوں کی تضحیک کررہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے وکلاء رہنمائوں کے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قانون شہادت آرڈر 1984ء کے آرٹیکل 85 کے مطابق ٹربیونلز، عدالتی اور ایگزیکٹو کی کارروائی پبلک ڈاکومنٹ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹوانفارمیشن ایکٹ 2013ء کے سیکشن 13 کے مطابق ایسی معلومات روکی جا سکتی ہیں جن کے اجراء سے قومی دفاع اور سکیورٹی کو خطرات لاحق ہوں، نقص امن کا خطرہ ہو یا بین الاقوامی تعلقات کے متاثر ہونے کا احتمال ہو مگر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں ایسا کچھ نہیں ہے،اس کے باوجود پنجاب حکومت تین سال سے جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ پبلک کرنے سے انکاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے پبلک ہونے سے مظلوموں، مقتولوں کے ورثاء کو انصاف ملنے کی راہ ہموار ہو گی۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ ایک پبلک ڈاکومنٹ ہے اور اسے حاصل کرنا شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کا آئین کے آرٹیکل 19-A کے تحت تسلیم شدہ بنیادی حق ہے جسے قاتل حکومت نے غصب کررکھا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ عدالت قاتلوں کو مزید کوئی رعایت نہ دے۔