انتخابی اصلاحات حلف کیس 3 رکنی کمیٹی نےاپنا کام مکمل کر لیا
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی انتخابی اصلاحات ایکٹ میں امیدوار کے ختم نبوت پر ایمان پر حلف کی بجائے اقرار کے الفاظ شامل ہونے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے اپنا کام مکمل کر لیا ہے۔ کمیٹی آج پارٹی کے صدر محمد نواز شریف کو رپورٹ بھجوا دے گی۔ راجہ محمد ظفر الحق کی زیرصدارت کمیٹی کے تین اجلاس منعقد ہوئے۔ راجہ محمد ظفر الحق نے پارٹی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی کارروائی کا جائزہ لیا اور اس رپورٹ پر جن ارکان کے دستخط تھے ان کو بھی پیش نظر رکھ کر اس بات کی نشاندہی کر دی ہے کہ کس مرحلہ پر کوتاہی ہوئی۔ کمیٹی نے اس رائے کا بھی اظہار کر دیا ہے کہ اس شق میں ردوبدل کرنے میں اپوزیشن کی ایک جماعت کا بڑا کردار ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بدھ کو قومی اسمبلی میں مولانا فضل الرحمنٰ نے بھی اس بات کی نشاندہی کر دی کہ تبدیلی میں اپوزیشن کی ایک جماعت کا بڑا کردار ہے۔