• news

نابینا افراد کا میٹرو بس روٹ پر دھرنا‘ رات گئے مذاکرات کامیاب‘ احتجاج کل تک موخر

لاہور (لیڈی رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے+خصوصی نامہ نگار) پنجاب بھر کے نابینا افراد نے حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے پر گزشتہ روز دوبارہ کلمہ چوک میٹروبس روٹ پر طویل دھرنا دے دیا، مظاہرین صبح گیارہ بجے سفید چھڑیاں پکڑے فیروزپور روڈ پر مارچ کرتے ہوئے کلمہ چوک پر جمع ہوگئے اور وارڈنز کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھا کر بیرئرز ہٹاکر میٹرو بس روٹ پر دھرنا دیدیا بعض مظاہرین میٹروبس ٹریک پر لیٹ گئے اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ دھرنے کی وجہ سے میٹروبس سروس معطل ہوگئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت ہمیں لالی پاپ دے کر ٹرخاتی رہی ہے، تحریری وعدے بھی پورے نہیں کئے، گزشتہ احتجاجی دھرنوں کے نتیجے میں جو ملازمتیں دی گئیں وہ بھی ڈیلی ویجز پر تھیں انہیں ریگولر کیا جائے اور جب تک وزیراعلیٰ پنجاب خود آکر ہم سے مذاکرات نہیں کریں گے، مطالبات تسلیم نہیں کریں گے، نوٹیفکیشن نہیں ملیں گے تب تک ہم کسی اور سے مذاکرات کریں گے اور نہ احتجاجی دھرنا ختم کریں گے۔ دوسری جانب سارا دن ڈی جی سوشل ویلفیئر، سی سی پی او اور ڈی سی لاہور ودیگر حکام نابینا مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کرکے انہیں منانے کی کوششیں کرتے رہے۔ طویل دھرنے کے دوران میٹروبس سروس معطل ہونے سے ہزاروں مسافر سارا دن خوار ہوتے رہے جبکہ مظاہرین نے برکت مارکیٹ، کاہنہ اور قصور جانے والی سڑکوں کو بھی بند کردیا جس سے فیروز پور سمیت اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام رہا، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ نابینا مظاہرین سے اظہار یکجہتی کیلئے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی محمود الرشید آئے اور مظاہرین میں کھانا بھی تقسیم کیا۔ انہوں نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ حکومت بے حس اور گونگی ہوچکی ہے، شہبازشریف نغمے گنگنانے کی بجائے نابینا افراد کے مسائل حل کریں، ہم نابینا افراد کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسمبلی میں نابینا افراد کے حق میں آواز بلند کروںگا، ہم حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پرمجبور کردیںگے۔ دوسری طرف نابینا مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ دریں اثنا ترجمان محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب نے کہا کہ نابینا افرادکے موجودہ مطالبات میں سے بیشتر انفرادی نوعیت کے ہیں جنہیں سڑکوں پر آکر اُلجھانے کی بجائے میزکے گرد بیٹھ کر سلجھانے کی ضرورت ہے۔ عارضی نوکریوں کو مستقل کرنے اور عمر کی بالائی حد میں مزید اضافے کے لیے سینیٹر سعود مجید کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو معذور افراد کی سفارشات پر قواعد کے مطابق نظرثانی کرے گی۔ محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب معذور افراد کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں کلمہ چوک کے قریب نابینا افراد کے احتجاج و دھرنے کے باعث گزشتہ روز میٹرو بس سروس معطل رہی جس سے مسافروں کو آمدورفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ میٹرو ذرائع کے مطابق نابینا افراد کی جانب سے اگر احتجاج ختم کر دیا گیا تو آج 12اکتوبر کو میٹروبس سروس اپنے معمول کے مطابق چلے گی۔ تاہم رات گئے اطلاعات کے مطابق نابینا افراد اور سی سی پی او کے مذاکرات کے بعد نابینا افراد نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ نابینا افراد کے صدر کا کہنا تھا کہ دھرنا (جمعہ) 13اکتوبر تک ختم کیا جا رہا ہے۔ اگر 13اکتوبر تک مطالبات پورے نہ کئے گئے تو دوبارہ دھرنا دیا جائے گا۔ 13اکتوبر تک نابینا افراد سی سی پی او کے مہمان رہیں گے اور گھر نہیں جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن