• news

توہین عدالت کارروائی‘ عمران کے شوکاز نوٹس جواب پر فیصلہ کےبعد دوبارہ سماعت ہو گی

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی الیکشن کمیشن میں جاری توہین عدالت کی کارروائی کے خلاف درخواست پر سماعت 24اکتوبر تک ملتوی کردی ۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں عمران خان کی طرف سے شو کاز نوٹس کے جواب پر فیصلے کے بعد دوبارہ سماعت کی جائے گی۔ عدالت عالےہ کے جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بنچ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی جس میں الیکشن کمیشن کی طرف سے توہین عدالت کی کارروائی کے آغاز کو چیلنج کیا گیا تھا ۔دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل ابراہیم ستی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نےالیکشن کمیشن کی جانب سے توہین عدالت کے شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرادیا ہے جس کے بعد یہ درخواست ہی غیر موثر ہو گئی ہے۔عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ شو کاز نوٹس کا جواب دینے کے بعد معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا، ہم نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو بھی چیلنج کر رکھا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے متعلق ہمارا قانونی نقطہ ہے جو غیر موثر نہیں ہوا۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں شوکاز نوٹس کے جواب پر فیصلے کے بعد دوبارہ سماعت کی جائے گی۔ بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن