کرپشن پر کھڑی سلطنت شریفیہ عنقریب زمین بوس ہونے والی ہے:پی ٹی آئی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان کی انتقام کی رٹ لگا کر ہمدردیاں بٹورنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔ قومی خزانے کے اربوں روپے ہڑپ کرکے ڈکار مارنے والے اب کس منہ سے انتقام کا نشانہ بننے کی بات کرتے ہیں۔عبدالعلیم خان نے مختلف اضلاع کے پارٹی رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی بنیادوں پر کھڑی ہونے والی سلطنت شریفیہ عنقریب زمین بوس ہونےوالی ہے۔ سینئر رہنما اعجازاحمد چودھری نے کہا کہ پنجاب کے حکمرانوں نے بے حسی کی انتہاکردی ہے۔ نابینا افراد کئی دنوںسے احتجاج کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نابینا افراد سے ناروا سلوک کررہی ہے جو قابل مذمت ہے۔ نابینا افراد کی بات نہ سننا شہبازشریف انسانیت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔تحریک انصاف پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی نے انڈین وزیرداخلہ راجنات سنگھ کی پاکستان کو دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔فرخ جاوید مون نے کہا کہ عمران خان کی بڑھتی مقبولیت اوراحتساب کے خوف سے شریف برادران اورآصف زرداری بوکھلاہٹ کا شکار اورخوفزدہ ہیں۔