عدلیہ سے محاذ آرائی پارٹی، ملک اور نواز شریف کیلئے ٹھیک نہیں۔ وزراءبیان بازی کے بجائے گھر صاف کریں گے تو اچھا ہو گا چودھری نثار
ٹیکسلا (قاری ولی الرحمٰن) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ عدلیہ سے محاذ آرائی پارٹی، ملک اور نواز شریف کیلئے ٹھیک نہیں۔ وزراءبیان بازی کے بجائے گھر صاف کریں گے تو اچھا ہو گا۔ ایک عدالت سے انصاف نہیں ملتا تو دوسری عدالت موجود ہے۔ ٹیکسلا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا حقانی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ آپریشن کا بیان تشویشناک ہے۔ پاکستان میں آپریشن کیلئے ہماری فوج کافی ہے۔ اگر آپریشن کرنا ہی ہے تو پھر افغانستان پاکستان دونوں میں کیا جائے۔ عدلیہ سے محاذ آرائی نواز شریف اور شریف خاندان کیلئے ٹھیک نہیں۔ نواز شریف اور شریف فیملی کے خلاف مقدمات کا فیصلہ عدالتوں میں ہونا ہے۔ ملک میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی ہے۔ ایک عدالت سے مطمئن نہ ہوں تو دوسری میں جانا چاہئے‘ کیا ہمیں کسی نے روکا ہے اپنا گھر صاف کرنے سے؟ وزیر اعظم ہوں یا وزراءبیان بازی کی بجائے اپنا گھر صاف کریں گے تو اچھا ہو گا۔ اگر صرف بیان بازی ہو گی تو امریکہ، بھارت اور دیگر ممالک کے بیانیے کو تقویت ملے گی۔ ہماری سکیورٹی فورسز میں آپریشن کرنے کی صلاحیت ہے۔ ہمارے پاس ایسے ثبوت ہیں کہ افغانستان سے کچھ گروپ آپریٹ کئے جا رہے ہیں۔ اگر مشترکہ آپریشن کی تجویز ہے تو دوطرفہ آپریشن ہونا چاہئے۔ جمہوری اور مہذب معاشروں میں فیصلے عدالتیں ہی کرتی ہیں۔ چودھری نثار نے کہا فوج اور انٹیلی جنس اداروں کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے۔ پاک فوج دنیا کی 5ویں بڑی فوج ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ یقین ہے کہ عدالتیں ان کے سامنے پیش کیے جانے والے ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلہ کریں گی۔ ایک سوال کے جواب میں چودھری نثار کا کہنا تھا کہ ’کوئی بھی خود مختار ملک اپنی سرحدوں میں مشترکہ آپریشن کی اجازت نہیں دے سکتا اور نہ ہی پیش کش کرسکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ’اگر کسی اور طاقت کو اپنے ملک میں آپریشن کرنے کے لیے بلائیں گے، اس سے ملک کا مذاق اڑایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کوئی بھی مقدمہ تحقیقات سے قبل درج کرنا مناسب نہیں۔ آئی بی کے نام سے جاری کردہ خط اور فہرست میری تحقیق کے مطابق جعلی ہے۔ کوئی فارورڈ بلاک بن رہا ہے نہ مسلم لیگ ن میں کوئی گروپ بندی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنے ضمیر اور خمیر کے مطابق سیاست کرنی ہے‘ شیخ رشید مایوس ہیں‘ ان کی خواہشات کے مطابق سیاست نہیں کر سکتا۔
نثار