• news

;;دہشتگردی کو پاکستان کیساتھ منسلک کرنا غیر مناسب،بھارت اپنے اندر بھی جھانکے:چینی اخبار

بیجنگ(آن لائن )چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے دہشت گردی کو پاکستان سے منسلک کرنے کے بھارتی اقدام کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اپنے ملک کے اندر بھی جھانکنا چاہیے، دہشت گردی کا کسی قوم یا مذہب سے تعلق نہیں ہوتا ،بھارت اگر پاکستان کو دہشت گرد ریاست کے طور پر پیش کرنا چاہتا ہے تو اس کے ملک کے اندر ماﺅباغیوں کی جو تحریک ہے اس پر بھی تحفظا ت پا ئے جا تے ہیں۔چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز میں شائع ہونیوالے ایک آرٹیکل میں کہا گیا بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کی جانب سے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان پر الزام تراشی کرتے ہوئے عالمی برادری کو یہ باور کروانے کی کوشش کی گئی کہ پاکستان دہشت گردی کو سپانسر کرنیوالی ریاست ہے جس سے عالمی امن کو خطرات لاحق ہیں لیکن بھارتی حکام یہ بھول چکے ہیں کہ ان کی بعض ریاستوں میں ماﺅ باغیوں کی جو تحریک ہے اس کو کیا نام دیا جائے ، کیا یہ دہشت گردی نہیں ؟آرٹیکل میں کہا گیا بھارت کی جانب سے پاکستان کا دہشت گردی سے تعلق جوڑنا غیر مناسب ہے کیونکہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور عالمی برادری بھی اس بات کو دیکھ رہی ہے پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔چینی اخبار کا کہناتھا اقوام متحدہ کے اجلا س میں ایک عالمی اتفاق رائے ظاہر ہوا ہے کہ دہشت گردی کو قومیت یا مذہب سے منسلک نہیں ہونا چاہئے۔ مثال کے طورپر افغانستان میں القاعدہ کے اڈے ہیں تو امریکہ سمیت کسی ملک نے افغانستان کو دہشت گرد ریاست نہیں قرار دیا ۔چینی اخبار کا کہناتھا کہ بھارت کی شمال مشرقی ریاستوں میں ماﺅ تحریک کے حوالے سے بھی تحفظات پائے جاتے ہیں۔ کشمیر کی تحریک کشمیریوں کی اپنی ہے انہیں پاکستان کی جانب سے کوئی ہدایات نہیں مل رہیں اور نہ ہی مقبوضہ کشمیر میں برسرپیکار کسی تنظیم کو براہ راست پاکستانی حکومت کنٹرول کررہی ہے ۔اخبار نے کہا بھارت الزام تراشی کی بجائے خطے کی تعمیروترقی کے لئے ملکر کام کرے تاکہ خطے کی عوام کو امن و خوشحالی مل سکے۔
چینی اخبار

ای پیپر-دی نیشن