• news

دنیا افغانستان میں عدم استحکام کے حوالے سے ہماری تشویش سمجھے: احسن اقبال

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ احسن اقبال نے امریکہ میں جان میکنیز یونیورسٹی میں خطاب کے دوران دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے موثر کردار پر روشنی ڈالی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پروگرام‘ سکیورٹی اداروں کے آپریشنز کی بدولت دہشتگردی میں کمی آئی۔ پاکستان میں سرمایہ کاری سے اس لئے عالمی سرمایہ کار دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔ افغانستان میں عدم استحکام کے پاکستان پر منفی اثرات پر دنیا پاکستان کی تشویش کو سمجھے۔ پاکستان افغانستان میں سیاسی مفاہمت کے ہر اقدام کی حمایت کرتا ہے۔ سیاسی مفاہمت ہی جنوبی ایشیاءمیں دیرپا امن اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ پاکستان کو افغانستان میں سکیورٹی ناکامیوں کا مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں۔ افغانستان سے سوویت یونین کی پسپائی کے بعد عالمی برادری ہمیں اکیلا چھوڑ ہاتھ جھاڑ کر چلی گئی۔ علاوہ ازیں وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کے مقابلے میں انتہائی محدود وسائل کے باوجود دہشتگردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں‘ ہماری کامیابیوں کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ امریکہ ٹریلین ڈالر خرچ کرنے کے باوجود منزل حاصل نہیں کر سکا پاکستان جو کچھ کر رہا ہے وہ کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں کر رہا پاکستان یہ تمام اقدامات اس لیے کر رہا ہے کہ ہمارا یقین قائد اعظم کے وژن پر ہے ہم پر امن پاکستان چاہتے ہیں تا کہ پاکستان اقتصادی قوت بنے پاکستان ایک ایشین ٹائیگر بنے‘ امن اور ترقی ساتھ ساتھ ہیں احسن اقبال نے کہا کہ ہم سکیورٹی سے نکل کر ایک اقتصادی ایجوکیشن اور سوشل ڈویلپمنٹ کے ماڈل پر جانا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن