مودی جی 2030 میں چاند زمین پر ہی لے آئیں گے راہول گاندھی‘ بی جے پی کی معاشی پالیسیوں پر شدید تنقید
دہلی (بی بی سی ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی آج کل انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں مسلسل بات کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی اس حوالے سے عوامی جلسوں اور سوشل میڈیا کا سہارا بھی لے رہے ہیں۔ ایسا ہی کچھ انہوں نے بدھ کو بھی کیا اور وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں دو ٹویٹس کر ڈالیں۔ اپنی ٹویٹ میں راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ ’مودی جی آپ کی جماعت گذشتہ 22 سالوں سے حکومت میں ہے اور اب بھی آپ کا کہنا ہے کہ 2022 تک گجرات سے غربت کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں آپ کو نریندر مودی کی اگلی بات بتاتا ہوں، 2025 تک مودی جی گجرات کے ہر فرد کو چاند پر جانے کے لیے راکٹ دیں گے۔‘ اس کے بعد راہول گاندھی نے ایک اور ٹویٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’2028 میں مودی جی گجرات کے ہر شخص کو چاند پر ایک مکان دیں گے اور پھر 2030 میں مودی جی چاند ہی کو زمین پر لے آئیں گے۔‘ خیال رہے کہ نریندر مودی اور ان کی گجرات میں ریاستی حکومت راہول گاندھی کے نشانے پر ہے۔