• news

ٹوبہ‘خسرہ کی ویکسین کا ری ایکشن‘ 3بچیاں جاں بحق‘ ایک ہسپتال داخل‘ ورثا کا احتجاج

رجانہ+ٹوبہ ٹیک سنگھ+پیر محل (نامہ نگاران+نمائندہ خصوصی) خسرے کی ویکسین کے ری ایکشن سے 3بچیاں جاں بحق‘ ایک زیر علاج ہے‘ ورثاء کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی چک نمبر 262گ ب مارتھ والا میں گزشتہ روز محکمہ صحت کی طرف سے خسرے سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین بنیادی مرکز صحت میں 13بچوں کو لگائی گئی،جن میں سے 4بچیاں متاثر ہوئیں ، آئینہ نواز دختر محمد نوازعمر 9ماہ،حفصہ ناصر دختر محمد ناصرعمر11ماہ موقع پر حالت خراب ہونے پر جاں بحق ہوگئیں،جبکہ امِ ایمن دختر مظہر اقبال عمر 10ماہ،مریم دختر محمد قیصرعمر9ماہ کو تشویشناک حالت کے پیشِ نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا،یہاں پر ام ایمن بھی جان کی بازی ہار گئی، معصوم بچیوں کی ہلاکت پر صفِ ماتم بچھ گئی ،فضا سوگوار رہی۔ دریں اثنا معصوم بچیوں کی ہلاکت کے بعد ضلع بھر میں ڈسٹرکٹ آفیسرہیلتھ ڈاکٹر محمد خالد نے ویکسی نیشن تاحکمِ ثانی بند کرنے کا حکم صادر کیا ہسپتالوں میں ویکسین کی چیکنگ کا عمل شروع کردیاگیا ۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ نے اس سلسلہ میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی جس کی رپورٹ موصول ہونے پر ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ورثا اور اہل دیہہ نے شدید احتجاج کرتے کہا اگر ہمیں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو خود سوزی کرلیں گے۔ ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کاشف محمد علی نے ورثا کو یقین دلایا کہ جو بھی اس میں ملوث ہوا ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔خسرہ کی ویکسین لگا نے سے تین بچوں کی ہلاکت کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے سربراہ دسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد خالد نے بتایا کہ محمد شریف ویکسی نیٹر کی غفلت اور محکمانہ ہدایت کی خلاف ورزی سے3 بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔ شریف ویکسی نیٹر نے خسرہ کی جو وائل تیار کی اسے چھہ گھنٹے کے دوران استعمال کرنا ضروری ہوتا ہے۔ مذکورہ ویکسینیٹر نے بچی ہوئی ویکسین دوسرے روز بچوں کو لگا دی۔ زائد لمعیاد ویکسین لگانے سے 6بچوں کی حالت بگڑ گئی۔

ای پیپر-دی نیشن