نواز شریف سے کہا تھا سیاستدان بنیں کاروبار نہ کریں: جاوید ہاشمی
ملتان ( نمائندہ نوائے وقت) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آج ملک کے حالات بد قسمتی سے 12اکتوبر 1999سے زیادہ خراب ہیں میں نے نواز شریف سے یہی کہا تھا کہ آپ سیاستدان بنیں کاروبار نہ کریں اب ہمیں امریکہ کو خدا حافظ کہہ دینا چا ہئے اگر نیب کا مقصد احتساب کرنا ہو تو حالات بہتر ہو ں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کیا مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ 12اکتوبر کا دن پاکستان کا سیاہ ترین دن ہے جس دن نہ صرف سول حکومت کا تختہ الٹا گیا بلکہ پرویز مشرف نے اقتدار سنبھال کر آئین ختم کر دیا پرویز مشرف نے کور کمانڈرز کے مشورے کے بغیر مارشل لاء ایڈ منسٹریٹر کی حیثیت سے ملک کی سرزمین اور ہوائی اڈے غیر ملکوں کو دے دیئے جن میں شمسی ائیر بیس ان کی موجود گی میںافواج پاکستان کو کوئی قدم اٹھانے کی اجازت نہیں تھی پوری پاکستانی قوم فوج کو مقدس ادارہ سمجھتی ہے لیکن مشرف نے کو ر کمانڈرز کی اجازت کے بغیرملک کی آزادی اور آئین کے پر خچے اڑائے اور دس سال تک اقتدار پر قابض رہے انہوں نے کور کمانڈرز کو نظر انداز کرکے ان مقدس اداروں کی توہین کی اور امریکہ کو ہوائی اڈے دیئے ہمارے ملک میں یہ پہلا مارشل لا ء نہیں تھا جب ضیاء الحق نے مارشل لا ء لگایا تو قوم سڑکوں پر تھی لیکن ضیاء الحق نے ملک کو برادریوںمیں تقسیم کیا کلاشنکوف ، ہیروئن اور ہتھوڑا گروپ اسی دور کی پیداوار ہیں جاوید ہاشمی نے کہا کہ میری موجودگی میں ایوب خان نے کہا تھا کہ مشرقی پاکستان ہم سے الگ ہو جائے گا تو میں نے کہا تھا کہ آپ نجومی بھی ہیں اور پھر مشرقی پاکستان الگ ہو گیا مارشل لاء کا قانون اتنا ظالمانہ ہے کہ پوری قوم کی زبان کو تالے لگ جاتے ہیں اداروں کو کمرشل ازم کی طرف جانے کی بجائے پاکستان کی حفاظت کا کردار ادا کرنا چا ہئے اسی لئے میں نے نواز شریف سے کہا تھا کہ آپ سیاست کریں بزنس چھوڑ دیں انہوں نے کہا کہ آج اگر الیکشن ہو جائیں تو کوئی پارٹی بھی اکثریت حاصل نہیں کر سکے گی کیپٹن (ر ) صفدر نے اسمبلی میں جو تقریر کی ہے میں اسے پسند نہیں کرتا ہمیں آرمی کا احترام کرنا چاہئے اور انہیں ڈی گریڈ نہیں کرنا چا ہئے ختم نبوت کے حوالے سے قوانین موجود ہیں مذہبی معاملات کو نہ چھیڑا جائے جہاں تک عدلیہ کا تعلق ہے اس نے تو اسٹیبلشمنٹ کے حق میں فیصلے کئے ہیں ججز نے دو دو چار چار پلاٹ لئے ہیں اگر عدلیہ ، آرمی اور سیاستدانوں کا یہی حال رہا تو ملک کو کون بچائے گا انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا ہونا چا ہئے کیونکہ سب نے کھایا ہے خدا را عدلیہ اپنی حیثیت پہچانے تو آپ بھی نجات دہندہ بن سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ میں بھی کنفر ٹیشن موجود ہے لیکن نواز شریف محاذ آرائی نہیں کر رہے اور نہ ہی وہ جرات کر سکتے ہیں البتہ اس محاذ آرائی کو بریک لگانا ہو گی اور یہ جنگ قوم کو لڑنا ہو گی۔