اسحاق ڈار کے خلاف احتساب کے نام پر سیاسی کیس چلایا جا رہا ہے: دانیال عزیز
اسلام آباد (این این آئی+صباح نیوز)وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کہاہے کہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب کے نام پر سیاسی کیس چلایا جا رہا ہے ۔ جمعرات کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہاکہ حیرانی اس بات کی ہے کہ پہلے دن سے اسحاق ڈار کا نام دور دور تک پانامہ پیپرز میں شامل ہی نہیں تھا لیکن سب لوگ دیکھ رہے ہیں کہ پہلی بار سپریم کورٹ نے درخواست کو ناکارہ قرار دے دیا لیکن بعد میں اسے کار آمد کردیا گیا اورکس طریقے سے سیاسی انداز میں جس جس کو ٹارگٹ کرنا تھا اسے لپیٹ میں لے لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سراج الحق کی پٹیشن میں اسحاق ڈار کانام نہیں ہے ٗعمران خان کی پٹیشن میں بھی حدیبیہ پیپر ملز کا حوالہ دینے کیلئے اسحاق ڈار کا نام شامل کیا اس کے باوجود انہیں شامل کیا گیا ٗیہ سیاسی کیس چلایا جا رہا ہے۔ عوام کو تاثر دیا جا رہا ہے کہ احتساب چل رہا ہے لیکن پانامہ پیپرز میں شامل باقی 499 لوگوں میں سے کسی ایک کو بھی ہاتھ نہیں لگایا گیا۔ جماعت اسلامی کی اگست 2016 کی پٹیشن میں پانامہ پیپرز میں شامل تمام لوگوں کے احتساب کا مطالبہ تھا لیکن بعد میں بڑے طریقے سے سب لوگوں کو سائیڈ پر کردیا گیا اور صرف نواز شریف کا نام شامل کرلیا گیا لیکن پھر بھی ہم قانون اور آئین کے سامنے جھکے ہوئے ہیں۔