طاہر القادری کے بیٹوں کیخلاف نیب انکوائری سے متعلق درخواست پر جواب کیلئے وکیل کو مہلت
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے طاہر القادری کے بیٹوں کی نیب انکوائری کیخلاف دائر درخواست پر نیب کے وکیل کو جواب جمع کرانے کی مہلت دیدی۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب طاہر القادری کے بیٹوں حسن محی الدین اور حسین محی الدین کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کررہا ہے۔ ان کو نیب نے طلبی کے نوٹسز بھجوائے ہیں۔ نیب نے ازخود ہی طاہرالقادری کے دونوں بیٹوں کیخلاف انکوائری روک دی ہے۔ نیب کی جانب سے انکوائری روکنے کی وجہ سے وہ درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔ نیب کے وکیل نے کہا کہ طاہر القادری کے بیٹوں کے خلاف انکوائری کے حتمی ہونے سے متعلق ہدایات لینے کیلئے مہلت دی جائے۔