پنجاب: 512افراد میں ڈینگی کی تصدیق‘ خیبر پی کے: مزید 2جاں بحق‘ تعداد 54ہو گئی
لاہور/پشاور (صباح نیوز+ بیورو رپورٹ) پنجاب میں ڈینگی کے19 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ڈینگی مریضوں کی تعداد 512ہوگئی۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں ڈینگی مریضوں کا تعلق اسلام آباد راولپنڈی لاہور بہاولپور میانوالی اور دوسرے شہروں سے ہے۔ مریضوں میں 9 اسلام آباد اور 4 راولپنڈی سے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں 178 افراد اور پنجاب میں 257 افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں خیبرپی کے میں ڈینگی سے مزید دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ وائرس سے زندگی ہارنے والوں کی تعداد 54 ہوگئی ہے ۔ ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق ایوب ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ اور پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج دو مریض دم توڑ گئے 24 گھنٹوں کے دوران تین مزید 397 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ 153 افراد کو ہسپتالوں میں داخل کرادیا گیا ہے ۔ پہلے سے زیر علاج 124مریضوں کو صحت یاب ہونے پرفارغ کردیاگیا ۔ صوبہ بھر میں 418 مریض مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔