ججز نظربندی کیس پرویز مشرف کے ضامن کو تحریری جواب جمع کرنے کا حکم
اسلام آباد (آئی این پی) انسداد دہشتگردی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے ضامن کو تحریری جواب جمع کرنے کا حکم دیدیا جبکہ پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا اگر ڈاکٹر نے اجازت دی تو ان کے موکل پاکستان واپس آجائیں گے۔ جمعہ کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ اور ضامن کیپٹن (ر) نذیر عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا ضامن بتائیں کب پرویز مشرف کو پیش کرسکتے ہیں؟ اس پر اختر شاہ نے جواب دیا پرویز مشرف کو ڈاکٹر نے اجازت دی تو واپس آ جائیں گے۔ پرویز مشرف کے ضامن کو تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی۔