ہم پاکستان کی، مسلم لیگ ن والے گریٹر پنجاب کی بات کرتے ہیں : ڈاکٹر عاصم
کراچی(صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی اور مسلم لیگ (ن)والے گریٹر پنجاب کی بات کرتے ہیں، ہم سب کے سامنے ہے کہ نواز شریف اور ان کا خاندان کس طرح مقدمات کا سامنا کررہا اور میں کیسے کررہا ہوں، میں نے جیلوں سے مقدمات کا سامنا کیا اور انہوں نے محلوں سے،ن لیگ کے وکلا نے ہلڑ بازی کی فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ہم نے تو کبھی ایسا نہیں کیا ،ہم توہمیشہ پر امن رہے، مجھ پر الزامات غلط ہیں، نئے چیئرمین نیب میرے مقدمات پر نظر ثانی کریں، یہ جعلی مسلم لیگ ہے اصل مسلم لیگ نہیں۔ جمعہ کوکراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ ، نواز شریف اور ان کی فیملی کہتی ہے کہ ان کے ساتھ تاریخی جبر ہورہا ہے، میں نے کہا تھا 2 پاکستان ہیں جو اس حصہ میں رہتے ہیں ان کی قسمت خراب ہیں اور جو اس حصے میں رہتے ہیں ان کی قسمت اچھی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو میرے ساتھ ہوا ان کے ساتھ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی انہوں نے سپریم کورٹ پر حملے کیے یہ لوگ یہی کرتے رہیں گے، لوگوں کو ضمانت مل جاتی ہے اور ہم کیسز بھگتتے ہیں۔دہرا نظام اور دہرا انصاف نہیں ہونا چاہیے انصاف سب کے لیے برابر ہونا چاہیے تاہم وہ دن نہیں لایا جائے کہ عوام روڈ پر آجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قادیانیت کا معاملہ آئین میں طے ہوچکا ہے اس پر کچھ نہیں کہوں گا تاہم مذہب کے حوالے سے گفتگو میں احتیاط کرنی چاہیے جب کہ اگر اخلاقی بنیاد پر عمران خان سیاست چھوڑدیں تو پاکستان کے لیے اس سے اچھی بات کیا ہوگی۔