• news

آئی سی سی اجلاس ، پاکستان ، بھارت سیریز کامعاملہ حل نہ ہوسکا

آکلینڈ(سپورٹس ڈیسک )آکلینڈ میں آئی سی سی بورڈ نے چیف ایگزیکٹو اور دیگر ذیلی کمیٹیوں کی سفارشات پر ٹیسٹ چیمپئن شپ، ون ڈے انٹرنیشنل لیگ سمیت آزمائشی بنیادوں پر چار روزہ ٹیسٹ میچز کے انعقاد کی باضابطہ طور پر منظوری دےدی ۔پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2019 میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد کھیلی جائےگی اور چیمپئن شپ میں دنیا کی صف اول کی نو ٹیموں کے درمیان دو برس کے دوران ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر چھ سیریز کھیلی جائیں گی اور ہر سیریز میں کم از کم دو میچز ہوں گے۔اس میں تمام میچز پانچ روز پر مشتمل ہوں گے، ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان اپریل 2021 میں فائنل کھیلا جائےگا۔ آزمائشی بنیادوں پر چار روزہ ٹیسٹ میچز کی بھی منظوری دی گئی جو ورلڈ کپ 2019 تک ہونگے۔ون ڈے انٹرنیشنل لیگ کا آغاز 2021 سے ہو گا ، 13 ٹیمیں حصہ لیں گی، ۔2023ءمیں ورلڈ کپ کے پیش نظر پہلی لیگ کا دورانیہ دو برس ہو گا جس کے بعد اسے تین برس کر دیا جائےگا۔ آئی سی سی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے درمیان دو طرفہ سیریز کا فیصلہ نہیںہوسکا ہے ۔آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے وسیع مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلے کیے گئے ہیں اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کے انعقاد سے شائقین کرکٹ کی اس فارمیٹ میں دلچسپی بھی بڑھے گی اور انہیں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔دونوں لیگ کے پوائنٹ سسٹم، ڈھانچے اور شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔اجلاس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز کا فیصلہ نہ ہوسکا ۔ پی سی بی نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت کیخلاف ہرجانہ کی بات کی جائے گی ۔

ای پیپر-دی نیشن