پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کو بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میز بانی مل گئی
لاہور+ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل بیڈمنٹن فیڈریشن نے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کو بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی میزبانی دیدی۔ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ 9 سے 12 نومبر تک اسلام آباد میں کھیلا جائیگا۔ ملائیشیا، انڈونیشیا، نیپال، مالدیپ، شام، افغانستان، ترکی، سری لنکا، کمبوڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کو ٹورنامنٹ کے حوالے سے مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کے مقابلوں کی انٹریز وصول ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے انعقاد سے ملک میں بیڈمنٹن کھیل کو فروغ ملے گا۔ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 8 ہزار امریکی ڈالر رکھی گئی ہے جو نمایں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے درمیان ٹرافی اور میڈلز کے ساتھ تقسیم کی جائے گی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کو ہر قسم کی سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے جلد اس سلسلہ میں این او سی بھی جاری کر دیا جائے گا۔