جسٹس شمس محمود مرزا کا چیئرمین پی سی بی کیخلاف کیس کی سماعت سے انکار
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تقرری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا اور فائل واپس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔گزشتہ روز مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا کے روبرو درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عظمی کی طرف سے نا اہل کیے گئے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ذاتی پسند پر نجم سیٹھی کا بطور چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تقرر کیا، نجم سیٹھی اس عہدے پر تقرری کی اہلیت نہیں رکھتے تھے۔ انہوںنے عدالت سے استدعا کی کہ نجم سیٹھی کی بطور چیرمین بورڈ تقرری کالعدم قرار دی جائے اور درخواست گزار کو اہلیت کی بنا پر چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تقرر کرنے کا حکم دیا جائے۔فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیس نہیں سننا چاہتے ،فاضل جج نے فائل مزید کارروائی کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادی۔