شام : نقل مکانی کرنیوالوں پر داعش کے خودکش حملے، ہلاکتیں 50 ہو گئیں
دیر الزور+دمشق(آن لائن)شمال مشرقی شام میں نقل مکانی کرنے والے شہریوں پر شدت پسند گروپ ’داعش‘ کے بمباروں کے حملے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 50 ہو گئی جبکہ بیسیوں افراد زخمی ہیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کرد ہلال احمر کے طبی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری تین گاڑیوں کو نقل مکانی کرنے والے شہریوں کے درمیان دھماکے سے اڑا دیا۔انسانی حقوق آبزرویٹری کے مطابق دہشت گردوں کی طرف سے یہ حملہ دیر الزور اور الحسکہ شہروں کے درمیان سرحدی علاقے ابوفاس کے مقام پر کیا گیا۔ مقتولین میں بیشتر عام شہری ہیں جو دیر الزور میں جاری لڑائی سے جان بچا کر فرارہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ شام کے سرکاری ٹی وی کے مطابق مرنے والوں میں دسیوں عام شہری شامل ہیں جبکہ کرد سکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار بھی شامل ہے۔ادھر شام کے شمال مشرقی شہر رقہ پر امریکی اتحادی طیاروں کی شدید بمباری کے بعد سینکڑوں شہری علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے۔بمباری سے داعش کے کئی کارکن زخمی بھی ہوئے۔ فضائی حملے کے بعد بیسیوں خواتین اور بچوں نے مساجد میں پناہ لی۔ ادھر امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیمو کریٹک فورسز بھی سر گرم ہو گئیں۔ ایس ڈی ایف کے اہلکاروں نے رقہ سے متعدد افراد کو داعش کے حمایتی ہونے کے الزام میں پکڑ کر تفتیشی مراکز میں منتقل کر دیا۔شام کے حالات و واقعات پر نگار رکھنے والے مبصر ادارے سیریئن آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ شام کے شمال مغربی صوبے اِدلب میں ترکی کی فوج داخل ہو گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اِدلب پر انتہا پسند جہادیوں کا کنٹرول ہے