امریکہ جان بوجھ کر تعلقات خراب کر رہا ہے : روسی وزارت خارجہ
ماسکو (اے پی پی) روس نے کہا ہے کہ امریکی حکومت روس کے ساتھ اپنے تعلقات کوجان بوجھ کر خراب کر رہی ہے۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے پریس کانفرنس میں امریکہ میں روسی نمائندہ دفاتر کی عمارتوں سے روس کے پرچم کو اتارنے کے امریکی اقدام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اپنے اس قسم کے اقدامات کے ذریعے جان بو جھ کر روس کے ساتھ تعلقات کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ روس نے اس اقدام پر امریکی حکام سے اپنا سخت احتجاج کیا ہے اور جوابی اقدام کے لئے جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکی حکومت نے سان فرانسسکو میں روسی قونصل خانہ اور واشنگٹن ڈی سی میں روس کے نمائندہ تجارتی دفتر کو بند کرنے کے بعد ابھی حال ہی میں ان عمارتوں سے روس کا پرچم بھی نیچے اتار دیا۔