عوام اور پاکستان کیخلاف اب کوئی سازش نہیں چلے گی: پرویز ملک
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و وفاقی وزیر محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ ختم نبوت تمام مسلمانوں کا بنیادی عقیدہ اور ایمان ہے،اس کے بغیر کوئی بھی مسلمان نہیں، اس پر بحث سے گریز کرناچاہیے،سازشیوں کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے،عوام اور پاکستان کے خلاف اب کوئی سازش نہیں چلے گی،مخالفین ہار کے خوف سے بہانے تلاش کررہے ہیں، اب بھاگنے نہیں دیں گے ۔،عمران خان کے کیس میں جتنے مواقع انہیں ملے انہوں نے اتنے ہین یو ٹرن لئے، شہریوں کو بہتر علاج معالجہ اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اگر ریاست یہ نہیں کرسکتی تو وہ پھر کس کام کی ہے ، عوام کو اگر آج علاج اور تعلیم کی سہولتیں میسر نہیں ہیں تو اس کی وجہ سابق حکمرانوں،زرداریوں اور آمروں کی اربوں، کھربوں روپے کی کرپشن ہے - کاش غریب قوم کے وسائل پر ڈاکہ نہ ڈالا جاتا اور قومی وسائل کو بے دردی سے نہ لوٹا جاتا تو آج ملک کے ہر شہری کو بہترین تعلیم اور علاج کی سہولتیں میسر ہوتیں-ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفر میں عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔