• news

نیب کے دائرہ کار میں مزید توسیع کرنے کی بجائے نیب میں اصلاحات لانے اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے شہبازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر+ سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن کے انسداد کے لئے نیب کے دائرہ کار میں مزید توسیع کرنے کی بجائے نیب میں اصلاحات لانے اور اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کرپشن کے ناسور نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور پاکستان کی بقاءکی خاطر اس لعنت کے خاتمے کے لئے احتساب کا بے لاگ اور کڑا نظام وقت کی اہم ضرورت ہے‘ نیب کی حالیہ اور ماضی کی تاریخ گواہ ہے کہ یہ ادارہ مسلمہ طور پر کرپٹ اور ملکی خزانے کو بے دریغانہ لوٹنے والے عناصر کا احتساب کرنے میں ناکام رہا ہے۔ عدالتوں کے واضح احکامات کے باوجود ایسے عناصر کے خلاف ایکشن نہ ہونے کی مثالیں بھی موجود ہیں۔ شہبازشریف نے کہاکہ نیب کے دائرہ کار کو اعلیٰ عدلیہ اور آرمی تک وسیع کرنے کی بجائے ضرورت اس امر کی ہے کہ نیب اپنا کام دیانت داری اور پسند اور نا پسند سے بالا تر ہوکر کرے‘ عدلیہ اور آرمی جیسے اداروں میں احتساب کے لئے ان کا اپنا نظام اور طریقہ کار موجود ہے جس میں وقت کے تقاضوں کے مطابق بہتری لائی جاسکتی ہے‘ میں نیب دائرہ اختیار میں وسعت کی تجویز پر بعض سیاسی جماعتوں کے قول و فعل میں حالیہ دنوں میں اُبھر کر سامنے آنے والے تضاد پر اظہار افسوس کئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ شہبازشرےف سے وفاقی وزیر سردار اویس احمد لغاری نے ملاقات کی جس مےںجنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی پروگراموں پرتبادلہ خیال کےاگےا۔ وزےراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور ملتان میں میٹرو بس سروس کے بعد سپیڈو بس سروس کے ذریعے عوام کو باکفایت اور باوقار سفری سہولتےں فراہم کی گئی ہےں۔ جنوبی پنجاب کی بدحالی کی بات کرنے والوں نے اپنے دور میں کبھی عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی اور ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی پر اربوں روپے کے وسائل نچھاور کئے ہیں۔ مفاد عامہ کے منصوبوں کی مخالفت عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی کی مخالفت ہے اورپاکستان کے باشعورعوام ترقی کے مخالفین کو پہچان چکے ہےں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ، خوشحال، پرامن اور روشن پاکستان کی منزل قریب آچکی ہے اور سوا چار برس میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیا گیا ہے۔ سی پیک پر تیز رفتاری سے عملدرآمد سے دوست خوش اور عوام کی ترقی کے مخالفین کو تکلیف ہورہی ہے اور منفی سیاست کے علمبردار پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے۔ ترکی کے سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین احمت البراک کی وزیراعلیٰ سے ملاقات میں احمت البراک نے پنجاب کے صحت، ہا¶سنگ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر دلچسپی کا اظہارکیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کی لازوال دوستی مفید معاشی تعاون میں ڈھل رہی ہے اور دوستی کے یہ رشتے ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ موجودہ حکومت زندگی کے ہر شعبہ میں بہتری لائی ہے۔ دیہی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ نے پیغام مےں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی سطح پر دیہی خواتین کے کردار کی اہمیت کی ترجمانی کرنا اور ان کی خدمات کے اعتراف کے ساتھ انہےں بنیادی حقوق کے بارے میں آگاہی دینا بھی ہے۔ شہبازشریف سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چودھری نثار علی خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی صورتحال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سری لنکا کے خلاف پہلا ون ڈے میچ جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
شہبازشریف

ای پیپر-دی نیشن