سری لنکن کرکٹرز نے لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا راضی کر لینگے : بورڈ
لاہور(نمائندہ سپورٹس)سری لنکن کرکٹرز نے لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔سری لنکن کرکٹرز نے لاہور میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے کرکٹ بورڈ کو خط لکھ دیا، معاملہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں زیر غور آئے گا،ایک کرکٹر کا کہنا ہے کہ اگرچہ کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان سے کھل کر انکار نہیں کیا، تاہم ڈریسنگ روم میں ان کے موڈز سے اندازہ ہورہا ہے کہ وہ لاہور میں میچ کھیلنے کیلیے تیارنہیں۔ بورڈ کو خط میں کہا ہے کہ ہماری فیملی کو پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر تحفظات ہےں اس لئے تیسرا ٹی 20 میچ پاکستان کھیلنے کی بجائے کسی نیوٹرل مقام پر ہی کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہناہے کہ کھلاڑیوں سے بات چیت کریں گے اور انہیں منانے کی کوشش کریں گے ابھی ون ڈے سیریز جاری ہے اس لئے کھلاڑیوں کو ڈسٹرب نہیں کر سکتے ۔ ورلڈ الیون کے دورہ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی جا ئے گی اور امید ہے کہ کھلاڑیوں دورہ پاکستان کیلئے منا لیں گے۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کا اجلاس کل ہوگا جس میں اس صورتحال پر غور ہوگا۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سماتھی پالا نے پاکستان میں ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے پر رضامندی ظاہر کررکھی ہے لیکن بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں سکیورٹی کو اولیت دی جائے گی۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سری لنکا کی موجودہ ٹیم میں صرف تھسارا پریرا ایسے کھلاڑی ہیں جو پاکستان کیلئے تیار دکھائی دیتے ہیں۔پریرا گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون میں بھی شامل تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو یقین دہانی کرا رکھی ہے کہ سری لنکن کرکٹرز کو پاکستان میں مختصر قیام کے دوران غیرمعمولی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ موجودہ ٹیم کے دو کھلاڑی کاپوگدیرا اور سورنگا لکمل 2009 ءکی ٹیم میں شامل تھے۔