• news

مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوج نے مزید 3 نوجوانوں کو شہید کردیا زبردست مظاہرے جھڑپوں میں بیسیوں زخمی

سرینگر (صباح نیوز+کے پی آئی+نیٹ نیوز)قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی کی کارروائی میں مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ ہفتہ کی صبح مقبوضہ وادی کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج سرچ آپریشن کی آڑ میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے زبردستی گھروں میں گھس گئی اور اس دوران 2 کشمیریوں کو گولی مار کر شہید کردیا۔ جن کی شناخت وسیم اور نثار کے نام سے ہوئی ہے۔واقعہ کے بعد لوگ گھروں سے نکل آئے اور نہتے کشمیریوں کی شہادت پر احتجاج کیا ۔مظاہرین نے بھارتی فوج کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ اس دوران قابض فوج اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔ فورسزنے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ پیلٹ گن کا استعمال بھی کیا جس کے جواب میں کشمیریوں نے قابض فوج پر پتھرائو کیا۔دوسری جانب بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران شہید کیے گئے نوجوانوں کا تعلق کالعدم لشکرطیبہ سے تھا۔ بھارتی فوج نے مظاہرین پر فائر کھول دیا جس سے متعددافراد زخمی ہوگئے، جن میں شامل گلزا ر احمد میر نامی ایک شہری شدید زخمی ہوا۔ گلزار احمد کو سرینگر کے صدر اسپتال پہنچانے کی کوشش کی جارہی تھی ، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔ خواتین کے بال کاٹنے کے واقعات کے خلاف کئی علاقوں میں مظاہرے ہوئے ہیں ۔خواتین کے بال کاٹنے کے مزید7پراسرار واقعات رونما ہوئے جبکہ کئی جگہوں پر لوگوں نے با ل کاٹنے کی کوشش کو ناکام بنانے کا دعوی کیا۔ پولیس کے مطابق کولگام میں مجاہدین کے حملے میں ایک اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن