• news

.نواز شریف کی پارٹی صدارت کیخلاف شیخ رشید کی درخواست اعتراضات کیساتھ واپس

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے شیخ رشید احمد کی جانب سے الیکشن اصلاحاتی بل 2017 ء کی پارلیمنٹ سے منظوری اور نواز شریف کے سیاسی پارٹی مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہونے کے خلاف دائر آئینی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی ہے۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراضات لگائے ہیں کہ درخواست گزار نے اس سے پہلے کس اور فورم پر درخواست دائر نہیں کی ہے، نہ ہی متعلقہ فورم سے رجو ع نہ کرنے کی وجوہات بتائی گئیں ، ساتھ لگایا گیا سرٹیفیکٹ تصدیق شدہ نہیں ، درخواست سپریم کورٹ کے رولز کے مطابق نہیں ہے۔ ٹیکنیکل خامیاں موجود ہیں ۔واضح رہے مذکورہ معاملے پر درخواست شیخ رشید احمد نے بیرسٹر فروغ نسیم کے توسط سے دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نااہل شخص کیلئے قانون میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔

ای پیپر-دی نیشن