سی پیک پر فتوے امریکہ اپنے پاس رکھے ہم اس کا ڈالا گند صاف کر رہے ہیں: سعد رفیق
لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان کے مقدر کا فیصلہ 21 کروڑ عوام کرینگے وطن عزیز کو آگے لیکر جانے کی قیمت چکا رہے ہیں جو مقبول قیادتوں کو ادا کرنا پڑتی ہے‘ سی پیک ملک کی تعمیر اور خوشحالی کا عظیم منصوبہ ہے جو پانچ دہائیوں تک پاکستان کو فائدہ دے گا لیکن یہ منصوبہ بھارت سمیت دشمنوں کی نظر میں کھٹکتا ہے‘ سی پیک پر امریکہ اپنے فتوے پاس رکھے‘ وہ انسان دوستی کم اور انسان دشمنی زیادہ کرتے ہیں‘ امریکیوں کا ڈالا ہوا گند ہم صاف کر رہے ہیں امریکہ نے عراق‘ افغانستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میںتباہی مچائی‘ امریکی دو سکے پھینک کر ہاتھ اور پائوں کے انگوٹھے لگوانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہیں اپنے گریبان میں جھانک کر پالیسی بدلنی چاہئے۔ ریلوے سکولوں کے ’’ٹاپرز‘‘ طلباء میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان میں 70 برسوں میں اگر کچھ کھویا تو پایا بھی بہت کچھ ہے۔ بعض ناعاقبت اندیش لوگ افواہیں پھیلانے کے ساتھ ساتھ سازشوں میںمصروف ہیں‘ ان کی باتوں میں نہیں آنا‘ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اس کے پاس دنیا کی بہترین فوج‘ طاقتور عدلیہ اور آزاد میڈیا موجود ہے‘ یہاں پر لوگوں کو اپنی مرضی کی پارٹی اور لیڈر کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہے جس کی ہم نے حفاظت کرنی ہے تاکہ لوگ ووٹ کی طاقت سے پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ پاکستان کے مقدر کا فیصلہ اب چند لوگ نہیں کرینگے اورنہ ہی فیصلے کسی بند کمرے میں ہوں گے‘ ہمارا ایمان ہے کہ پاکستان تاقیامت قائم و دائم رہے گا‘ وطن عزیز کو آگے لیکر جائیں گے۔ ترک صدر کو بے شمار مسائل اور تکالیف سے گزرنا پڑالیکن وہاں کی سیاسی جماعتوں کی بالغ نظری سے تمام رکاوٹیں عبور ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آمرانہ ادوار میں ایسی سیاسی جماعتیں بنائی گئیں جو عوام کی نمائندگی نہیں کرتی تھیں‘ ان ادوار میں سیاسی پارٹیوں کو توڑا گیا اور کنگز پارٹیاں بنائی گئیں۔