روہنگیا خواتین بچوں کے مسائل نظر انداز نہیں کئے جاسکتے بید خلی روکی جائے:بھارتی سپریم کورٹ
نئی دہلی(اے پی پی + اے ایف پی) بھارتی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ روہنگیا خواتین اور بچوں کے مسائل کو نظر انداز نہیں کیاجا سکتا۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت کے لئے عدالت نے 21نومبر مقرر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت تک روہنگیا پناہ گزینوں کو ملک سے بیدخل نہ کیا جائے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز چیف جسٹس دیپک مشرا کی زیر صدارت 3رکنی بنچ نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے کے تمام فریقوں کو اپنا موقف پیش کرنے کیلئے دلائل کی تیاری کرنی چاہئے۔ عدالت عظمیٰ نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ انسانی اقدار ہمارے آئین کی بنیاد ہے۔ ملک کی سلامتی اور اقتصادی مفادات کو تحفظ فراہم کرنا بھی ضروری ہے تا ہم متاثرہ خواتین اور بچوں کے حالات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بنگلہ دیش کے کیمپ میں سفید ہاتھی نے روند کر 4 مہاجرین کو مار ڈالا جبکہ سابق یورپین سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے مطالبہ کیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کی میانمار واپسی یقینی بنائی جائے۔