• news

فیصل آباد جیل میں قیدیوں سے بھتہ کی وصولی پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے فیصل آباد جیل میں قیدیوں سے بھتہ وصولی، قیدیوں سے ناروا سلوک پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیصل آباد سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ چیف جسٹس نے ازخودنوٹس فیصل آباد جیل کے ایک قید کی جانب سے لکھے گئے خط پر لیاہے ، ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کی ہدایت پر سپریم کورٹ کے انسانی حقوق سیل نے12 اکتوبرکو اس حوالے سے متعلقہ جج، جیل سپرنٹنڈنٹ کو لیٹر جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ رپورٹ کی روشنی میں چیف جسٹس فیصلہ کریں گے کیس کو عدالت میں باقاعدہ سماعت کے لیئے مقرر کریں یا نہیں۔ خط میںقتل کیس کے قید ی عثمان اور اس کے والدبشیر احمد نے موقف اختیار کیا تھا کہ جیل سپریٹنڈنٹ فیصل آبادکی مبینہ ملی بھگت سے قیدیوں ، ان کے ملاقاتیوں سے 10سے 50ہزار روپے بھتہ وصول کیا جاتا ہے اس کے لیے شکیل نامی فرد، ٹھکیدار وغیرہ کو ملاقاتوں کا ٹھیکہ دیا گیا ہے جو بھتہ وصول کرکے جیل حکام کو دیتے ہیں، نہ دینے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے برہنہ کیا جاتا ہے اورقیدیوں کو ’’قصوری چکی‘‘ میں بند کرنے کی سزاء دی جاتی ہے ،اس غیر انسانی سلوک کے باعث اب تک 6 قیدی ہلاک ہوچکے ہیںخط میں چیف جسٹس سے معاملے پر سوموٹو نوٹس لینے کی اپیل کی گئی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن