نصیرآباد:ایس او ایس سکول میں 13سالہ طالبہ کی پراسرار ہلاکت
لاہور (سٹاف رپورٹر) تھانہ نصیرآباد کے علاقہ میں ایس او ایس سکول میں 13سالہ طالبہ پراسرار طور پر ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا دی۔ طالبہ کی ہلاکت پر سکول کے طلباء خوف وہراس میں مبتلا ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں‘ جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔ 13سالہ علیشہ گزشتہ 5سال سے سکول میں زیرتعلیم تھی، گزشتہ روزدوپہر کا کھانا کھانے کے بعد وہ واش روم گئی، دیر تک واپس نہ آنے پر سکول انتظامیہ نے چیک کیا تو علیشہ مردہ حالت میں پڑی تھی۔ جنرل ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ لاش پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کا والد فوت ہوچکا ہے، والدہ نے دوسری شادی کرلی تھی جس پر بچی کو یہاں بھجوا دیا گیا۔ حالات مشکوک ہونے پر لاش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوائی ہے۔ رپورٹ آنے پر موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔