نواز شریف علیل، آرام کا مشورہ کلثوم نواز کا روحانی علاج بھی شروع
لندن (عارف چودھری) سابق وزیراعظم نواز شریف اہلیہ کی بیماری، سیاسی دباﺅ اور آرام نہ کرنے کے سبب علیل ہوگئے۔ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں، ہر دو گھنٹے پر ان کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول چیک کیا جاتا ہے۔ قریبی ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیدیا۔ عارضی طور پر سیاسی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں، ذاتی معالج ساتھ ہے، کچھ دنوں سے سینے میں تکلیف کی شکایت بھی تھی۔ ادھر بیگم کلثوم کے گلے کے کینسر کا علاج کیموتھراپی سے ہورہا ہے لیکن اس کے ساتھ روحانی علاج بھی ہورہا ہے۔ برمنگھم میں روحانی سکالر پیر عثمان غنی انکا روحانی علاج کررہے ہیں۔ انہوں نے نمائندہ نوائے وقت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم ماں کی طرح ہیں، انکا قرآنی آیات سے بھی علاج جاری ہے۔ اب وہ پہلے سے کافی بہتر ہیں، انشاءاللہ بہت جلد مکمل ٹھیک ہوجائیں گی۔ بیگم کلثوم نواز کے گلے کے کینسر کے علاج کیلئے 16 تا 18 ہفتے درکار ہیں۔ ان کی کیموتھراپی کے دو سیشن مکمل ہوچکے ہیں لیکن مزید کئی سیشن باقی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلئے نواز شریف گاہے بگاہے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو لندن بلاتے رہیں گے۔
نواز شریف/ علیل