پنجاب حکومت نے منصوبوں کی تیزرفتاری‘ معیاری تکمیل کے نئے پیمانے مقرر کئے ہیں : شہبازشریف
لاہور(خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے ٹھوکر نیاز بیگ سے ہڈیارہ ڈرین تک سڑک کی توسیع اورکشادگی کا منصوبہ مکمل ہونے سے عوام کو آمدو رفت میں بہت سہولت ملے گی اور اس منصوبے کی تکمیل سے ملتان اور دیگر شہروں سے لاہور آنے والی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں مدد ملے گی لہٰذا اس منصوبے کو بھی اسی سپیڈ سے مکمل کرنا ہے جس طرح پہلے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔ وہ ویڈیولنک کے ذریعے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں ٹھوکر نیاز بیگ سے ہڈیارہ ڈرین تک سڑک کی توسیع اور کشادگی کے منصوبے کا جائزہ لیاگیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ منصوبہ ملتان اور دیگر شہروں سے لاہورآنے والی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے عوام کو بے پناہ سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا اس منصوبے پر تعمیراتی کاموں میں معیار اور رفتار کا خصوصی خیال رکھا جائے اور پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی مقررہ مدت سے قبل مکمل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت نے منصوبوں کی تیزرفتار اور معیاری تکمیل کے حوالے سے نئے پیمانے مقرر کیے ہیں اور اس منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے اسی معیار پر عمل کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات اور چیف سیکرٹری کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سٹیرنگ کمیٹی منصوبے کے تمام امور پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی منصوبے پر عملدرآمد کے دوران ٹریفک کے موثر متبادل انتظامات یقینی بنائے جائیں اور ایسے متبادل ٹریفک انتظامات کیے جائیں جس سے عوام کو کم سے کم دقت کا سامنا کرنا پڑے۔ وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب حکومت نے منصوبوں پر 24گھنٹے کام کرنے کا کلچر متعارف کرایا ہے اور اس منصوبے میں بھی 24گھنٹے کام ہونا چاہئے۔ مزید براں شہباز شریف نے عالمی یوم خوراک کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے ملک میں خوراک کے وسائل میں ا ضافے اورخوراک کا ضیاع روکنے کے لئے عوام میں ا س حوالے سے آگاہی کو عام کرنے کی اشدضرورت ہے۔ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ حکومت، تحقیقی و مالیاتی اداروں اور سوسائٹی کے درمیان قریبی اشتراک عمل ہو اور وہ لوگ جنہیں بنیادی ضرورت سے زائد خوراک میسر ہے انہیں چاہئے اپنی اس خوش نصیبی میں دوسروں کو بھی شریک کریں۔ انہوں نے کہا عالمی یوم خوراک کا مقصد غذائی قلت سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلئے کوششوں میں مزید تیزی لانا ہے اور پنجاب حکومت خوراک کی کمی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لا رہی ہے اور حکومت نے عوام کو خوراک کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے زراعت کے شعبے میں مختلف مراعات دی ہیں۔ انہوں نے کہا خوراک کی طلب اور رسد میں توازن اور ہر شخص تک خوراک کی یقینی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے پنجاب حکومت نے غذائی قلت کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے تاریخی کسان پیکیج دیا ہے اورکسانوں کے لئے اربوں روپے کے تاریخی پیکج سے زراعت کی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کسان کی ترقی و خوشحالی دراصل پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہے۔ ملک کا کسان آگے بڑھے گا خوراک کی کمی کا امکان کم از کم ہو گا۔
شہباز شریف