افغان امن مذاکرات آج ہونگے، تہمینہ جنجوعہ کی قیادت میں پاکستانی وفد مسقط پہنچ گیا
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی زیر سرکردگی پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد افغانستان میں قیام امن کیلئے چار ملکی مذاکرات میں حصہ لینے کیلئے اتوار کے روز مسقط پہنچ گیا ہے۔ یہ مذاکرات، پاکستان، چین، امریکہ اور افغانستان پر مشتمل اس چار ملکی میکنزم کاحصہ ہیںجو ڈیڑھ برس پہلے تک فعال رہا۔ آج مسقط میں شروع ہونے والے ان مذاکرات میں غور کیا جائے گا کہ افغانوں کی سرکردگی میں ایسی بات چیت شروع کرائی جائے جس میں افغان حکومت اور طالبان سمیت تمام سٹیک ہولڈرز شامل ہوں اور یہ بات چیت، اس جنگ زدہ ملک میں پائیدار امن کے قیام کا پیش خیمہ ثابت ہو۔ افغان حکام نے ملا عمر کی موت کی خبر افشا کر کے مذاکرات کو سبوتاژ کر دیا گیا تھا۔ ترجمان افغان وزارت خارجہ کے مطابق افغان امن مذاکرات پر 5 ممالک کا چھٹا اجلاس آج ہو گا۔ افغانستان، پاکستان، امریکہ اور چین کے نائب وزرا خارجہ شرکت کریں گے۔ انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر بات ہو گی۔ گذشتہ اجلاسوں کے متفقہ نکات پر عملدرآمد کی کوششیں بھی زیر بحث آئیں گی۔ افغان امن مذاکرات پر چار ممالک کا چھٹا اجلاس ایک سال کے تعطل کے بعد ہو رہا ہے۔ خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ اور عمان کے خارجہ امور کے نائب سیکرٹری ڈاکٹر محمد بن الاہد الحسن نے اتوار کومسقط میں پاکستان،عمان دو طرفہ سیاسی مشاورت کے چھٹے دور کے لئے ملاقات کی۔ دو طرفہ سیاسی تعلقات کے ساتھ ساتھ کثیر الاجہت فورمزم پر اقتصادی اور تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوطرفہ اقتصادی اور کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے ذرائع اور مواقع تلاش کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کاروباری برادری کے مابین رابطوں کے فروغ اور مشترکہ اقتصادی کمیشن کا پہلا سیشن2018 کی پہلی سہ ماہی کے دوران بلایا جائیگا۔سیکرٹری خارجہ نے اپنے ہم منصب کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بشمول مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بارے آگاہی دی۔ یہ موقع علاقائی صورتحال اور پڑوسی ممالک اور اس سے باہر مل کر کام کرنے پر تبادلہ خیال اور رابطوں کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔
امن مذاکرات/ ملاقات