ختم نبوت ہمارے آئین کا اٹوٹ حصہ بن چکا ہے ختم نبوت کے معاملے پرمنفی اظہارخیال مسلم لیگ (ن) کے نظرئیے اور پالیسی سے تعلق نہیں رکھتا : نوازشریف
لندن (نمائندہ خصوصی +نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ختم نبوت ہمارے آئین کا اٹوٹ حصہ بن چکا ہے۔ معاملے کو سیاسی الائشوں سے پاک رہنے دیا جائے، انتخابی بل میں غلطی، کوتاہی یا لغزش کا فوری ازالہ کر دیا گیا معاملے پر تمام پارلیمانی جماعتوں کا شکر گزار ہوں، ختم نبوت کے معاملے پرمنفی اظہارخیال مسلم لیگ (ن) کے نظرئیے اور پالیسی سے تعلق نہیں رکھتا۔ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اس امر کا دو ٹوک اور غیر مبہم اعلان ضروری خیال کرتا ہوں کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین اور مسلمہ اسلامی تعلیمات کے مطابق تمام اقلیتوں کو جان و مال سمیت بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ مجھے پاکستان کے عوام نے تین بار ملک کا وزیراعظم چنا ¾تینوں بار میں نے ذاتی طور پر اور مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے زبان ، رنگ ، نسل ، مذہب ، عقیدے یا کسی بھی دوسری تمیز و تفریق کے بغیر پاکستان کے عوام کی خدمت کی اور اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنایا ۔ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی جماعت ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ بابائے قوم نے پاکستان کے تمام طبقوں خصوصاً اقلیتوں کو جس کامل مذہبی اور سماجی آزادی کی ضمانت دی تھی، اسے یقینی بنانا اب ایک آئینی تقاضا ہے جس سے انحراف کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ نواز شریف نے کہا کہ میں اس امر کا واضح اظہار بھی ضروری سمجھتا ہوں کہ محسن انسانیت حضرت محمد کی ختم نبوت پر مکمل اور غیر متزلزل ایمان جزو اسلام ہے ¾ یہ ہمارے آئین کا اٹوٹ حصہ بھی بن چکا ہے۔ یہ معاملہ اب ہمیشہ کےلئے طے ہوچکا۔
نواز شریف