گوادر میں پاکستان ایران مشترکہ سرحدی کمشن کے اکیسویں اجلاس کے دوران پاکستان اور ایران نے سرحد کی سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کےلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) گوادر میں پاکستان ایران مشترکہ سرحدی کمشن کے اکیسویں اجلاس کے دوران پاکستان اور ایران نے سرحد کی سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کےلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اجلاس میں منشیات کی سمگلنگ اور غیرقانونی تارکین وطن کی نقل و حرکت کی روک تھام اور اپنی سرزمین کا ایک دوسرے کےخلاف استعمال نہ کرنے کی اجازت دینے کے پختہ عزم کا اظہار کیاگیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق نے اپنے وفد کی جبکہ ایران کے سرحدی صوبہ سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر علی اصغر میر شکاری نے ایرانی وفد کی قیادت کی۔ این این آئی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تجاویز سرحدی صورتحال‘ سکیورٹی امور‘ ترک وطن اور سرحدی تجارت سے متعلق ہیں۔ آئی این پی کے مطابق پاکستان اور ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کا اجلاس تیسرے روز بھی جاری رہا۔ اجلاس میں پاکستان اور ایران کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام ‘ سرحدی سکیورٹی امور اور بلوچستان کے راستے تجارت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔