وفاق خیبر پی کے کیساتھ ناانصافی کر رہا ہے: شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (این این آئی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وفاق خیبر پی کے کے ساتھ ناانصافی کر رہا ہے، سندھ حکومت نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا] پوری قوم عمران کی طرف دیکھ رہی ہے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کہا کہ وفاق کے پی حکومت کے ساتھ ناانصافی کر رہا ہے، سندھ کی حکومت عوام کو مایوس کر چکی، سندھ میں زیادہ توجہ نہیں دے سکے، لیکن 2018ء میں سندھ میں سیاسی نقشہ تبدیل ہوتے دکھائی دے رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پنجاب کے عوام تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں، پنجاب میں عوام مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی تحریک انصاف سے خائف ہیں، بلوچستان میں ابھی بہت کام کرنا ہے، وہاں پارٹی کو منظم کرنا شروع کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف قومی احتساب بیورو (نیب) کے قانون میں ترامیم کے لیے حکومتی مسودے کو مسترد کرتے ہوئے موجودہ قانون میں مزید ترامیم پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب شاہ محمود قریشی کی جگہ رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری کو پارٹی کا نیا وائس چیئرمین منتخب کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو نیب قانون پر مشاورت کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نیب قانون ’مقدس گائے‘ کے تصور سے پاک ہو اور اس کا طریقہ کار احتساب کے تمام تقاضے پورے کرتا ہو۔ یاد رہے کہ کمیٹی بروز پیر مشاورت کا عمل شروع کرے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ پارٹی رہنما نیب قانون میں عدلیہ اور فوج کو نہ لانے پر مکمل اتفاق رکھتے ہیں۔