.اداروں کے مابین محاذ آرائی کسی صورت مناسب نہیں: شاہی سید
کراچی (سٹاف رپورٹر) اے این پی کی صوبائی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر سے مندوبین نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے مجموعی حالات، شہر کے امن و امان کی صورت حال، آئندہ انتخابات کی تیاریوں، تنظیمی امور سمیت دیگر اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں سینیٹر شاہی سید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پارٹی ٹکٹ کے لئے کراچی کے کئی حلقوں کی جانب سے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی سیاست میں شائستگی، برداشت اور رواداری کی علمبردار رہی ہے اختلاف رائے کی بنیاد جھوٹے الزامات، گالم گلوچ اور گھٹیا زبان کو ہم نے ہمیشہ رد کیا ہے، آج سے دو روز قبل پشاور میں انتخابی جلسے کے دوران طالبان خان کی جانب سے قومی رہنماؤں کے خلاف گھٹیا اور بازاری زبان استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتا ہوں، اسفندیار ولی خان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے سے پہلے عمران خان اپنے آباؤ اجداد کے کردار پر نظر دوڑائیں، باچا خان کی شخصیت پر سینکڑوں لوگ ریسرچ اور پی ایچ ڈیز کر رہے ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی سمجھتی ہے کہ اداروں کے مابین تناؤ اور محاذ آرائی کسی صورت مناسب نہیں ہے۔