عوام کو جھٹکا :میک اپ چاکلیٹ پر فیوم سمیت 800 آئٹمز پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں 30 فیصد تک اضافہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)عوام کو جھٹکا‘ ایف بی آر نے 800 کے قریب آئیٹمز پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں 5 سے 30 فیصد تک اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اس کے تحت مختلف پرتعیش سامان‘ میک اپ‘ کنفیشنری‘ چاکلیٹ‘ پرفیوم‘ سامان آرائش و زیبائش سمیت دوسرا سامان شامل ہے۔ ممبر کسٹمز نے بتایا کہ گزشتہ معیاد میں ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کے 8 مختلف نوٹیفکیشن موجود تھے۔ ان تمام کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اکٹھا کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی میں 5 فیصد سے 30 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اضافی اقدام سے 22 ارب روپے اضافی حاصل ہونے کی توقع ہے اور اس کا مقصد تجارتی خسارہ کو کم کرنا بھی ہے۔ ای سی سی نے 10 روز قبل اجلاس میں ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھانے کی اصولی منظوری دی تھی جس کی روشنی میں قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد گزشتہ روز نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔