• news

پاکستان نے دوسرا ون ڈے بھی جیت لیا، سری لنکا آخری ٹی ٹوئنٹی لاہور میںکھیلے گا

ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) بابر اعظم کی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 32رنز سے ہرا کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 219 رنز بنائے۔ میچ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ بابر اعظم اور شاداب خان کے سوا کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ فخر زمان 11، احمد شہزاد 8 ، شعیب ملک 11، سرفراز احمد 5، عماد وسیم 10، حسن علی 7 رنز بنا سکے۔ پاکستانی اننگ کی خاص بات بابر اعظم کی مسلسل دوسری سنچری تھی وہ 101 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بابر اعظم اور شاداب نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 109 رنز بنائے۔ شاداب 52 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ لنکن ٹیم کی جانب سے ونڈرسے 4، لکمل اور گمبگ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں لنکن ٹیم 48 اوورز میں 187 رنز بنا سکی۔ تھرنگا کے سوا کوئی بلے باز وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ انہوں نے ناقابل شکست 112 رنز بنائے، وہ بطور کپتان بیٹ کیری کرینوالے واحد سری لنکن بلے باز بن گئے۔ ڈکو پلامی، مینڈس 10، تھریمانے 12، چندی مل 2، سردپورو نے 3، پریرا 7، ڈینن جایا ایک، لکمل ایک، گیمگے3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان سب سے کامیاب باؤلرر رہے۔ انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جنید، رومان، حسن، حفیظ اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر شاداب کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ دریں اثناء سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے دورہ پاکستان کی منظور دیدی سری لنکن ٹیم شیڈول کے مطابق لاہور آئے گی، 29 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 میچ لاہور میں ہوگا کرکٹ ٹیم 28 اکتوبر کو لاہور آئے گی جبکہ کرکٹ کرکٹ ٹیم کا اعلان 20 اکتوبر کو کیا جائے گا سری لنکن کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔ دریں اثناء چیئرمین پی سی بی نجم سیھٹی نے تصدیق کی ہے کہ سری لنکن ٹیم تیسرا ٹی ٹونٹی لاہور میں ہی کھیلے گی، ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی اگلے ماہ دورے پر آئے گی، پاکستان سے باہمی سیریز کھیلنے سے بھارت کے انکار کے معاملے میں کیس چل رہا ہے۔ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچنے پر علامہ اقبال ایئر پورٹ پر مختصر بات کرتے ہوئے ہوتے انہوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد لاہور میں 29 اکتوبر کو شیڈول ٹی ٹونٹی میچ کی تیاریاں شروع کر دیں ہیں۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سری لنکن وزیر کھیل اور کرکٹ بورڈ نے مثبت کاوشیں کی ہیں اور سری لنکا کی ٹیم تیسرا ٹی ٹونٹی کھیلنے پاکستان آ رہی ہے۔ سکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہترین ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی اگلے ماہ دورے پر آئے گی، تاہم پاکستان سے باہمی سیریز کھیلنے سے بھارت کے انکار کے معاملے میں کیس چل رہا ہے اور انشاء اللہ اس میں ہمارے حق میں فیصلہ ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ آئی سی سی کے اجلاس میں سری لنکن کرکٹ چیف سے ملاقات ہوئی اور گرین سگنل ملنے کے بعد پی سی بی کو انتظامات کی ہدایت کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن