پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کا 66واں یوم شہادت منایاگیا
اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید نواب زادہ لیاقت علی خان کا 66واں یوم شہادت منایا گیا۔ 1948ء میں قائد اعظم محمد علی جناح کی وفات کے بعد لیاقت علی خان ملک کے پہلے وزیراعظم بنے، انہوں نے بطوروزیراعظم انہوں نے پرامن پاکستان بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔لیاقت علی خان نے مسئلہ کشمیر سمیت کئی تنازعات دولت مشترکہ اور امریکہ کے ساتھ بھرپور طور پر اٹھائے،ان کا شمار قوم کے ان عظیم رہنماوں اور محسنوں میں ہوتا ہے جنہوں نے قیامِ پاکستان کے لئے اپنا سب کچھ قربان کیا۔ مشرقی پنجاب کے زمیندار گھرانے میں آنکھ کھولنے والے لیاقت علی خان نے علی گڑھ سے 1918 میں گریجویشن مکمل کی۔ 1921 میں آکسفورڈ یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1923 میں مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی۔جدو جہد آزادی میں قائداعظم کے شانہ بشانہ چلنے والے شہید ملت لیاقت علی خان کو بانی پاکستان اپنا دست راست کہہ کر پکارا کرتے تھے۔ انہوں نے بطور پہلے وزیراعظم انہوں نے پاکستان کی خدمت کے لئے خود کو وقف کردیا اور 16 اکتوبر1951 کو انہیں راولپنڈی میں منعقدہ جلسے میں گولی مار کر شہید کردیا گیا۔